17 اگست 2013 - 19:30
برطانوی پولیس گرفتار کرلے تو کارکن گھبرائیں نہیں، الطاف حسین

لندن سے جاری اعلامیے کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ میرا دامن صاف ہے، میں گرفتاری سے نہیں ڈرتا، گرفتاریاں، جھوٹے مقدمات اور قید و بند کی صعوبتیں حق پرستی کی جدوجہد کا حصہ ہوا کرتی ہیں۔

ابنا: متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ اگر برطانوی پولیس انہیں گرفتار بھی کرلے کارکن گھبرائیں نہیں اور ڈٹے رہیں کیونکہ گرفتاریاں اور قید و بند کی صعوبتیں حق پرستی کی جدوجہد کا حصہ ہیں۔ لندن سے جاری اعلامیہ کے مطابق الطاف حسین نے کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں تلقین کی ہے کہ اگر انہیں برطانوی پولیس کی گرفتار کرلے تو ساتھی گھبرائیں نہیں، میں بے قصور تھا، بے قصور ہوں اور میرا دامن صاف ہے، میں گرفتاری سے نہیں ڈرتا، گرفتاریاں، جھوٹے مقدمات اور قید و بند کی صعوبتیں حق پرستی کی جدوجہد کا حصہ ہوا کرتی ہیں۔ الطاف حسین کا مزید کہنا تھا کہ وہ جسمانی طور پر برطانیہ میں ضرور مقیم ہیں لیکن روحانی طور پر وہ اپنے وطن میں اپنے ساتھیوں اور عوام کے درمیان ہیں۔

قائد ایم کیو ایم نے کہا کہ حکومت اور الیکشن کمیشن ضمنی انتخاب کے سلسلے میں 22 اگست کو پرامن ووٹنگ یقینی بنائیں۔ ایم کیو ایم کے قائد کے مطابق حق پرست عوام چاہے کسی بھی براداری سے تعلق رکھتی ہو ان کی برادری ایک ہی ہے، ایم کیو ایم کسی نسلی و لسانی اکائی، کسی قومیت یا برادری کے خلاف نہیں بلکہ سب کے حقوق کا احترام کرتی ہے۔ قبل ازیں لندن میں میڈیا کےنمائندوں سے بات کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ کہ وفاقی اور صوبائی حکمران قوم سے سچ بولیں کہ وہ ڈرون حملے نہیں رکوا سکتے، تاریخ کتنی ہی تلخ اور تکلیف دہ کیوں نہ ہونئی نسل کو سچی تاریخ سے آگاہ کرنا چاہیئے۔

.......

/169